ابنا: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ نے آج بغداد میں عراق کے وزیر خارجہ ہوشیار زیباری سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ محمد جواد ظریف نے کہا کہ وہ اس دورے میں بغداد کے حکام کے لئے صدر روحانی کی طرف سے دوستی کا پیغام لے کر گئے ہیں اور عراق کی ترقی و استحکام ایران کی ترقی و استحکام ہے۔ محمد جواد ظریف نے کہا کہ دونوں ملکوں کاتعاون دونوں ملکوں میں امن و استحکام کا سبب بنے گا اور اس سے علاقے میں ترقی آئے گي۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے حالات اس طرح کے ہیں کہ یہاں ہر طرح کی جنگ سے پرہیز کرنا ضروری ہے لیکن ہمیں علاقے میں جنگ کے شعلوں کےبھڑکائےجانے پر تشویش ہے اور ہم یہ جانتے ہیں کہ جنگ کی آگ سارے علاقے کے لئے خطرناک ہوگي، انہوں نے کہا اسی بنا پر ہم سب کو دعوت دیتے ہیں کہ طاقت کے استعمال سے پرہیز کریں اور سیاسی حل کے لئے مل بیٹھ کر گفتگو کریں۔ وزیرخارجہ نے شام پر امریکہ کے ممکنہ حملے کے جواب میں ایران کے رد عمل کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ شام کے بارے میں ہماری یہ کوشش ہے کہ جنگ نہ ہونے پائے کیونکہ ہم یہ جانتے ہیں کہ جو لوگ جنگ شروع کرتے ہیں وہ اسے ختم کرنے کی طاقت نہيں رکھتے۔ ایران کے وزیر خارجہ نے کہاکہ ہم یہ جانتے ہیں کہ امریکی صدر نہ چاہتے ہوئے بھی دوسروں کے بچھائے گئے جال میں پھنس گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ وہ دانشمندی سے اس جال سے نکل آئيں گے اور خود کو اور علاقے کو ایسی آگ میں نہیں جھونکیں گے جس سے سب کو نقصان پہنچے گا۔ محمد جواد ظریف نے کہاکہ اسلامی جمہوریہ ایران کے جنگ کی آگ بجھانے کی کوشش کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں جنگ علاقے کے تمام ممالک کے خلاف جنگ ہے اور مشرق وسطی کو بدامنی کا شکار بنادےگي۔ محمد جواد ظریف نے کہا کہ جو لوگ یہ سوچتے ہيں کہ جنگ راہ حل ہے وہ سوسال قبل کی دنیا میں زندگي گذار رہے ہیں۔ اس پریس کانفرنس میں عراق کے وزیر خارجہ ہوشیار زیباری نے کہا کہ ہم ایم کے او گروپ کو عراق سے نکالنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نےکہا کہ ہم اس بات کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے کہ عراق سے شام کے خلاف حملے کئے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ شام کی قوم ہی اپنے مسائل حل کرسکتی ہے۔ زیباری نے کہا کہ سب کی ذمہ داری ہے کہ شام کے مسئلے کو سیاسی طریقے سے حل کرنے کی کوشش کریں۔ ہوشیار زیباری نے کہا کہ شام پرامریکہ کے حملوں کی صورت میں امریکہ کے ساتھ ہمارے تعلقات پر کوئي اثر نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت بغداد نے جنگ کی صورت حال سے نمٹنے کےلئے متعدد حفاظتی انتظامات کئےہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲
8 ستمبر 2013 - 19:30
News ID: 461061
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ نے آج بغداد میں عراق کے وزیر خارجہ ہوشیار زیباری سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔